11 اکتوبر، 2009، 9:35 AM

راولپنڈی

پاکستانی کمانڈوز کا طالبان دہشت گردوں کے خلاف راولپنڈی کےفوجی ہیڈ کوارٹر میں کامیاب آپریشن

پاکستانی کمانڈوز کا طالبان دہشت گردوں کے خلاف راولپنڈی کےفوجی ہیڈ کوارٹر میں کامیاب آپریشن

پاکستانی فوجی حکام کے مطابق اتوار کی صبح راولپنڈی جی ایچ کیو میں کمانڈو آپریشن کے بعد طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے جانے والے تمام افراد کو رہا کرا لیا گیا ہے۔ اس کارروائی میں دو فوجی، تین یرغمالی اور چار حملہ آور ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک حملہ آور دہشت گرد کوگرفتار کر لیاگیا ہے

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے مقامی ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتوار کی صبح راولپنڈی جی ایچ کیو میں کمانڈو آپریشن کے بعد طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے جانے والے تمام بیالیس افراد کو رہا کرا لیا گیا ہے۔ اس کارروائی میں دو فوجی، تین یرغمالی اور چار حملہ آور ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک حملہ آور دہشت گرد کوگرفتار کر لیاگیا ہے پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ گرفتار کیے جانے والے حملہ آور کی شناخت عقیل عرف ڈاکٹر عثمان کے طور پر کروائی ہے اور اسے زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق یرغمالیوں کی رہائی کی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے اور اب عمارت کی تلاشی کا کام جاری ہے۔ فوجی حکام کے مطابق آپریشن کے دوران پانچ فوجی اور تین یرغمالی زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ فوجی ترجمان کے مطابق یرغمالیوں کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے۔ انہوں نے حملہ آوروں کی شناخت کے بارے میں کچھ بتانے سےگریز کرتے ہوئے اسے قبل از وقت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا فی الحال اس علاقے کو حملہ آوروں سے صاف کرنا ان کی ترجیح ہے۔میجر جنرل اطہر عباس کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے تین یرغمالی ہلاک ہوئے جبکہ ایک حملہ آور خودکش جیکٹ استعمال کرنے سے پہلے ہی ہلاک کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق خود کش حملہ آور یرغمالیوں کے درمیان بارود بھری جیکٹ پہن کر بیٹھا ہوا تھا اور اسے فوجیوں نے بڑی احتیاط سے نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ سنیچر کی صبح ساڑھے گیارہ بجے کے قریب فوجی نمبر پلیٹ والی ایک سفید رنگ کی سوزوکی کیری میں سوار فوجی وردیوں میں ملبوس کئی دہشت گرد حملہ آوروں نے جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر ایک پر پہنچ کر سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی تھی۔ گیٹ نمبر ایک پر کم از کم چار سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے بعد یہ حملہ آورگیٹ نمبر دو کی طرف بڑھے لیکن سکیورٹی پر موجود اہلکاروں نے فائرنگ کر کے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس موقع پر جی ایچ کیو کی سکیورٹی کے انچارج بریگیڈیئر انوارالحق اور لیفٹیننٹ کرنل محمد وسیم عامر بھی ہلاک ہو گئے تھے۔ فوج نے دو سے زائد حملہ آوروں کے فرار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے تلاشی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا طالبان دہشت گردوں نے جی ایچ کیو کی چوکی نمبر دو کے قریب سکیورٹی کی ایک عمارت میں متعدد افراد کو یرغمال بنالیا جنھیں آج صبح کمانڈوز نے کارروائی کرکے آزآد کرالیا ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری طالبان دہشت گردوں نے قبول کی ہے۔
News ID 962416

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha